پاکستان قومی انڈر 15 ہاکی ڈیولپمنٹ پروگرام میں رجسٹریشن پورٹل پرملک بھر سے 791 اسکولوں نے رجسٹریشن کروالی،چیمپئین شپ بارہ نومبر سے کرانے کامنصوبہ فائنل

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) نیشنل انڈر 15 ہاکی ڈیولپمنٹ پروگرام میں رجسٹریشن پورٹل پرملک بھر سے 791 اسکولوں نے رجسٹریشن کروالی۔پورٹل پر دستیاب تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق ان 791میں سے 753 اسکولوں کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ 38 اسکولز فی الوقت زیرِ جائزہ ہیں۔اب تک کسی بھی اسکول کی درخواست مسترد نہیں کی گئی۔رجسٹریشن مہم کے دوران 1,057 انڈر 15 کھلاڑیوں نے اپنا اندراج کروایا، جن میں سے 960 کھلاڑیوں کو منظوری دی جا چکی ہے، 96 کی درخواستیں زیرِ جائزہ ہیں اور صرف ایک درخواست ابھی تک مسترد کی گئی ہے۔ مزید برآں، 43 کوچز نےبھی پورٹل پررجسٹریشن کروائی ہے۔جن میں 36 منظورشدہ جبکہ 7کی درخواستیں زیرِغورہیں۔اس طرح مجموعی طور پر 1,100 افرادبشمول 1,057 نوجوان کھلاڑی اور 43 کوچز — پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں ابھرتے ہوئے انڈر 15 ہاکی ٹیلنٹ کا پاکستان میں ایک بڑاڈیجیٹل ڈیٹابیس تشکیل پاگیاہے۔اقدام کا مقصد اسکولوں کو انڈر 15 ہاکی ٹیموں کی تشکیل و ترقی کے لیے ایک منظم طریقہ کار فراہم کرنا، باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشان دہی کرنا، انہیں تربیت یافتہ کوچز سے منسلک کرنا اور بالآخر قومی ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک بھر میں اسکول ہاکی کو وسعت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پروگرام میں شامل رجسٹرڈ اسکولوں کو اگلے دو سے تین ہفتوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی ٹیمیں تشکیل دے کر باقاعدہ تربیت اور مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔یہ منصوبہ ‘نیشنل انڈر 15 اسکولز ہاکی ڈیولپمنٹ پروگرام’ کا حصہ ہے، جس کا مقصد ہاکی کو دوبارہ اسکولوں تک پہنچانا ہے۔ پی ایچ ایف نے 12 سے 22 نومبر 2026 تک ‘نیشنل انڈر 15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ’ کے انعقاد کا منصوبہ بھی بنایا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین