راولپنڈی(کرائم رپورٹر)
اینٹی کرپشن راولپنڈی نے راولپنڈی پولیس کے تیسرے سب انسپکٹر نوید اسلم کومبینہ رشوت لینے میں ملوث ہونے پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سرکل آفیسر اینٹی کرپشن راولپنڈی منصور مظہر نے ٹیم کے ہمراہ مجسٹریٹ عمران قریشی کی نگرانی میں بحریہ فیز 7 کی پولیس چوکی پر چھاپہ مارا۔
15 ہزار روپے برآمد
پولیس حکام کے مطابق چوکی بحریہ ٹاون فیز 7 کے سب انسپکٹر نوید اسلم پرمدعی مقدمہ سے مختلف اوقات میں برآمدگی اور ملزم کی گرفتاری کے لئے مبینہ رقم لینے کا الزام تھا۔
چھاپے کے دوران سب انسپکٹر نوید اسلم سے مدعی مقدمہ کے 15 ہزار روپے کے نشان زدہ کرنسی نوٹ بھی برآمد کر لئے گئے۔ ملزم کو گرفتار کر کے اسکے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں کرپشن میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔































