
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان دورہ پر آئے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار منگل کو وزارت داخلہ پہنچے جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لبنانی ہم منصب کا پر تپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور لبنانی وزیر داخلہ کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔ اس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
ملاقات میں سکیورٹی تعاون، دہشتگردی، منشیات، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس اکیڈمیز اور تربیتی پروگرامز کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں وزرانےعلاقائی صورتحال اورخطے میں پائیدار امن کےلئے پاکستان کی کاوشوں پربھی گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزارت داخلہ کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوطرفہ کوآرڈینیشن بڑھانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
دہشت گردوں اور ڈرگ مافیا کی سرکوبی اور سکیورٹی چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق کیا گیا۔ انسداد منشیات کے شعبے میں ایم او یو پر مکمل طور پر عملدرآمد کا بھی فیصلہ ہوا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزہ فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امید ہے آپ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کے لئے نئی راہیں کھولے گا۔
لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے پاکستان میں شاندار مہمانوازی پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے، مشترکہ مفادات کے شعبوں خصوصاً داخلی سکیورٹی میں تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنراسلام آباد،آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، سپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔




























