اسلام آباد (ویب ڈیسک)
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے 108 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرطلب کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ای سی کا اجلاس وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین،وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ,وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی سمری کا جائزہ لیا گیا۔ سمری میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی)کے پاس موجود 108 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر طلب کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔
یہ چینی گزشتہ سال شوگر سے متعلق کابینہ کی منظوری سے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارش پر درآمد کی گئی 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کے باقی ماندہ اسٹاک کا حصہ ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی ٹینڈر کا عمل پی آر اے رولز 2004 کے تحت سختی سے مکمل کیا جائے گا۔






























