اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اورجاپان کے درمیان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لئےگرانٹ معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق جاپان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لیے 2.58 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا۔
وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ جاپانی گرانٹ کی مالیت تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر ہے۔
منصوبے کا مقصد
وزارت اقتصادی امور کے مطابق منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔
منصوبے سے سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کئے۔
جبکہ گرانٹ معاہدے پر ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امورسبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کئے۔
دونوں ممالک کا موقف
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ "جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ قدر ہے۔ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کو سراہتے ہیں”۔
جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنائیں گے۔
































