
اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت پاکستان کی جانب سے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کردیاگیاہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چارٹرڈ طیارے کے ذریعے خیمے، کمبل، ادویات اور حفظانِ صحت کٹس بھیجی گئی ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 100 ٹن امدادی سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو روانہ کیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کٹس اور ضروری ادویات شامل ہیں۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان کی روانگی کی ایک تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔
نیپال کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال اور اس کے سیلاب متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے نیپالی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی مربوط کوشوں سے نیپال کی متاثرہ عوام کے لئے بروقت امدادی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔
































