اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
وزارت خارجہ کے مطابق گفتگو میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کے معاملے پر مشترکہ مؤقف کا اعادہ کیا اور 8 عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان کی حمایت کی۔ اس مشترکہ بیان میں برطانیہ کی جانب سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی اور ان بستیوں سے منسلک خدمات پر پابندیوں کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے دو ریاستی حل سے متعلق مشترکہ بیان کی بھی حمایت کی۔
اس موقع پر سعودی عرب اور مصر کے ساتھ علاقائی 4 ملکی فورم (آر فور) کے تحت علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
































