کراچی: معروف پاکستانی امریکن بزنس مین اور سماجی کارکن انوش احمد نے اپنے والد کے ایصال ثواب کیلئے انوش فائونڈیشن کے زیر اہتمام جناح ہسپتال کراچی میں مریضوں کے لواحقین میں مفت کھانا تقسیم کیا ۔ کھانوں کے 300 باکسز انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج بچوں کے والدین اور سرپرستوں میں تقسیم کئے گئے ۔ یہ کھانا سادہ ضرور تھا لیکن اس سے والدین اور سرپرستوں کو کچھ تو سکھ کا سانس ملا جو گھنٹوں پریشانی ، الجھن اور تھکن سے لڑ رہے تھے ۔کھانے کی تقسیم عزت اور احترام کے ساتھ کی گئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ خاندانوں کو مشکل کی گھڑی میںیہ محسوس ہو کہ انہیں عزت کے ساتھ مدد دی جارہی ہے۔
مہم کا آغاز بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ سے اس لئے کیا گیا کیونکہ یہاں زیرِ علاج بچوں کے اہلِ خانہ اکثر اپنے گھروں سے دور کئی دنوں تک بچوں کے ٹھیک ہونے کا انتظار کرتے ہیں اور انہیں کھانے یا سہولتوں تک محدود رسائی حاصل ہوتی ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے اسپتال آخری امید ہے لیکن جذباتی اور مالی بوجھ کے باعث وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے قابل بھی نہیں رہتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر انوش احمد نے کہا کہ یہ مہم میرے مرحوم والد ندیم محمد ندیم کی یاد میں انہیں خراج عقیدت ہے۔ میری یہی خواہش ہے کہ میں اپنے والد کی جذبہ ہمدردی اور سخاوت جیسے اعلی اقدار کو زندہ رکھوں ، اسی لیے میں نے ان خاندانوں کی مدد کی جو اپنی زندگی کے سب سے مشکل لمحات سے گزر رہے ہیں۔
مفت کھانے تقسیم کرنے کی یہ مہم ڈاکٹر احمد کی ہیلتھ کیئر، فوڈ سیکورٹی اور تعلیم کے شعبوں میں سماجی کوششوں کا حصہ ہے۔ان کی فائونڈیشن ضرورت مند طبقات کی مدد کیلئے پاکستان، مشرق وسطی اور امریکہ میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر انوش احمد کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کمیونٹی مہمات اہمیت رکھتی ہیں تاکہ علاج کی غرض سے آنے والے خاندانوں کو اکیلا اور بے سہارا نہ چھوڑا جائے۔
