اسلام آباد (ویب ڈیسک)
13 اکتوبر 2026
وزیراعظم محمدشہباز شریف سے یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برونر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ہجرت اور نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جو کہ پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2019 کے آٹھ اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔
کمشنر برونر کو ان کے پہلے دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہبازشریف نے غیر قانونی ہجرت کی روک تھام اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے قانون سازی کی اصلاحات، ادارہ جاتی استحکام، موثر کارروائی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی نقل مکانی کو روکنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے عملی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ پاکستانی ہنر مند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے لئے قانونی راستے کھولنے سے یورپی ممالک کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات بھی پوری ہوں گی اور غیر قانونی طریقوں اور اسمگلنگ کے جال میں پھنسنے کے خطرات میں بھی کمی آئے گی۔
یورپین یونین کمشنر برونر نے حکومت پاکستان کے اقدامات اور فراہم کردہ تعاون کو سراہا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کوششیں قانونی ہجرت کے راستے کھولنے اور پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی لیبر موبلٹی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گی۔






























