اسلام آباد (ویب ڈیسک)
10 اکتوبر 2026
یونان میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والے 40 پاکستانیوں کو ڈیپورٹ کر دیا گیاہے۔
ایف آئی اے کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے جانچ پڑتال کے بعد تمام ڈیپورٹیز کو متعلقہ زون کے انسداد انسانی سمگلنگ سیلز کے حوالے کر دیا۔ حکام کے مطابق ڈیپورٹیز کو خصوصی پرواز کے ذریعے ایتھنز سے اسلام آباد پہنچا کر امیگریشن حکام کے حوالے کیا گیا۔
ایفآئی اے کے مطابق یونان سےڈیپورٹ پاکستانیوں کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اورسیالکوٹ سے ہے جبکہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والا ایک ڈیپورٹی بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے ڈیپورٹ ہونے والے باشندوں کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا اورزیادہ تر ائیر روٹ کے ذریعے وزٹ اور دیگر ویزوں پر کسی ایک ملک پہنچے جہاں سے انہوں نے سلپ ہو کر لیبیا کے راستے یورپ جانے کے لئے زمینی اور دیگر راستوں کو اختیار کیا تو وہاں کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں رہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق پروفائلنگ کے بعد ڈیپورٹیز کو ان کے متعلقہ ریجن کے ایف آئی اے زونل آفس کے انسداد انسانی سمگلنگ سیلز کے حوالے کر دیا گیا جہاں ان سے تحقیقات ہوں گی اور حاصل ہونے والی معلومات سے سہولت کاروں کا پتہ چلا کر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ شہری بیرون ملک سفر کے لیے صرف مستند طریقے سے سفری دستاویزات حاصل کریں۔ ملکی ائیرپورٹس پر چیکنگ کا عمل سختی سے جاری ہے، اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت دیگر ائیرپورٹس پر ایف آئی اے پری ویریفکیشن کاؤنٹر بھی قائم کئےگئے ہیں۔





























