
راولپنڈی (ویب ڈیسک)
14اکتوبر 2026
ذرائع کے مطابق تھانہ جاتلی کے علاقہ،دیوی داتا مرکزی روڈ پر رات گئے سی سی ڈی ٹیم پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی ۔دوران فائرنگ معصوم بچوں کے ساتھ اسلحہ کی نوک پرزیادتی میں ملوث خطرناک اشتہاری مارا گیاہے۔
ہلاک ملزم کی شناخت حماد عرف مادو سکنہ کھڈیوٹ کہوٹہ کے نام سے ہوئی ہے۔ہلاک ملزم کے قبضے سے پسٹل برآمد ہوا ہے۔ہلاک اشتہاری حماد عرف مادو ڈکیتی معہ قتل، اقدام قتل اور بچوں کے ساتھ غیر فطری جنسی عمل کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ بدنام زمانہ اشتہاری علاقہ میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا اور سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیو لگا کر لوگوں میں خوف و ہراس پھیلاتا تھا۔
ذرائع کاکہناہے کہ رات گئے سی سی ڈی ٹیم سنیپ چیکنگ کےلئے دیوی داتا روڈ پر موجود تھی۔فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے سی سی ڈی ٹیم علاقے میں سرچ آپریشن کررہی ہےجبکہ ہلاک ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کرکے مذید تفتیش کی جارہی ہے اور ملزم کے باقی نیٹ ورک کی بھی سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
































