اسلام آباد (ویب ڈیسک)
8 اکتوبر2026
ای سی سی نے17 نکاتی ایجنڈے پراہم مالیاتی اور ترقیاتی اقدامات کی منظوری دیدی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کاجمعرات کواجلاس منعقد ہوا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے سمیڈا کے لئے2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے لئے 11 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی ہے۔
اجلاس میں پی تھری اے کے لیے 8 ارب روپے، تھر کول ریل کنیکٹیویٹی منصوبے کے لیے 10 ارب روپے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے 59 کروڑ 61 لاکھ 80 ہزار روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ بلدیاتی انتخابات کے غیر حساس سامان کے لیے 17 ارب 87 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کرنے اور فوری طور پر 2 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے وزیراعظم آفس اور اسٹاف کالونی کی مرمت کے لیے سی ڈی اے کو 30 کروڑ روپے، کوپ 31 میں شرکت کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو 15 کروڑ روپے، پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کے لیے 93 کروڑ 44 لاکھ 81 ہزار روپے اور چین میں ایک ہزار زرعی ماہرین کی تربیت کے لیے ایک ارب 66 کروڑ 61 لاکھ 76 ہزار روپے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں 2026 کی تمباکو فصل کے لیے کم از کم اشارتی قیمتوں، 2026-27 کے لیے تمباکو سیس کی شرحوں میں ترمیم، مقامی طور پر تیار ٹائروں پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی سے متعلق ایس آر او میں ترمیم، پرال کے لیے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے وسائل حکومتی سیکیورٹیز میں لگانے کی بھی منظوری دی گئی۔
علاوہ ازیں ایس ایم ایز اور چھوٹے کسانوں کے لیے فنانسنگ کی رسائی بڑھانے کے فریم ورک، کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ فنڈ کا دائرہ کار بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پاسکو کے واجبات کی صوبائی حکومتوں سے وصولی کا معاملہ مؤخر کر دیا گیاہے۔






























