یہ دس ماہ سےمیرے ساتھ شدید ظلم اور ٹارچر کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ سب کوجاکر بتائیں یہ میرے ساتھ شدید ظلم اور ٹارچر کر رہے ہیں۔مجھے قید تنہائی میں رکھ کر ٹارچر کررہے ہیں ۔

ڈاکٹر عظمیٰ خان ،ڈاکٹر فیصل سلطان،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور نورین نیازی کے ہمراہ خیبرپختونخواہ ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔

بانی سے ملاقات کی روداد

ڈاکٹر عظمیٰ خان نے بتایا کہ انہیں گذشتہ رات ساڑھے 8 بجے اڈیالہ جیل بلایا گیا جہاں وہ ڈی ایس پی ثقلین کے دفتر میں موجود رہیں۔ بعد ازاں انہیں ایک چھوٹی گاڑی میں پمز ہسپتال لے جایا گیا جہاں بانی پی ٹی آئی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ ان کی بہن 10 ماہ بعد ان سے مل رہی ہیں اور انہوں نے بہن کو پیار دیا۔

ڈاکٹر عظمیٰ کے مطابق بانی کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا اور ڈاکٹر نے آنکھ میں انجکشن لگانے کا کہا۔ تاہم انہیں مختلف جگہوں پر بٹھایا جاتا رہا اور ایسا محسوس ہوا جیسے وقت گزارا جا رہا ہو۔

بانی پی ٹی آئی کی طبیعت اور الزامات

ڈاکٹر عظمیٰ نے بتایا کہ بانی کی ایک آنکھ میں انجکشن لگایا گیا جبکہ دوسری آنکھ پر پٹی تھی۔ بانی نے کہا کہ ڈاکٹر کے مطابق انسانی رابطہ نہ ہونے سے طبیعت خراب ہو رہی ہے اور 10 اگست کو معائنہ کرنے والے ڈاکٹر نے انہیں شدید انزائٹی کا شکارقرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بانی کا بلڈ پریشر 120/80 تھا اور وہ بظاہر فٹ تھے تاہم انہیں شدید انزائٹی اور ہائپرٹینشن کا سامنا ہے۔

پمز سے روانگی کے وقت شفا انٹرنیشنل ہسپتال لے جانے کے حوالے سے کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا۔بعد ازاں انہیں فجر کی اذان کے وقت دوبارہ اڈیالہ جیل لے جایا گیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ انہیں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتا لے جایا گیا جہاں ڈھائی سے 3 گھنٹے بٹھائےرکھا گیا۔فجر کے وقت بتایا گیا کہ شاید بانی پی ٹی آئی نہیں آرہے۔

سہیل آفریدی کا اعلان
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر عدلیہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کرا سکے گی تو نظام کیسے چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنا ججز کی توہین ہےاوروہ توہین عدالت کی کارروائی میں جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر احتجاج کو مزید تیز کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے کہااگر عدالتی احکامات پر اسی طرح عملدرآمد نہ ہوا تو ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہو جائے گا۔ انہوں نے جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی موجودگی کے دعووں کو بھی مسترد کر دیا۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین