راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا کوئین شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے اندھے قتل کیس کونو یوم میں ٹریس کیا۔
یہ باتیں ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے ہفتہ کوپریس کانفرنس میں بتائیں ۔انہوں نے مذید بتایاکہ ٹیکسلا پولیس نے مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔
گرفتار ملزمان
گرفتار ملزمان میں شامل ہیں:
1. فضل – مقتولہ کا والد
2. بشیر – حقیقی بھائی
3. احسان – چچا زاد بھائی
4. روزی خان – والد کا چچا
5. یاسین – چچا زاد بھائی کا بیٹا
تفتیش کی تفصیل
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر متعدد سپیشل ٹیمیں کیس پر کام کر رہی تھیں جو سی پی او کو لمحہ بہ لمحہ رپورٹ کرتی رہیں۔
پولیس نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے چیک کیے اور ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام ذرائع استعمال کیے۔
تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کی روشنی میں مقتولہ کے والد اور بھائی کو شامل تفتیش کیا گیا۔
ملزمان کا اعتراف
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ شمسو بی بی عرف عائشہ کو والد اور بھائی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروایا ۔
ملزمان نے قانون کو دھوکہ دینے کے لیے ڈھونگ رچانے کی بھی کوشش کی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل "غیرت کے نام پر”کروایا گیا تاہم مزید تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔
پولیس کا مؤقف
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھوس شواہد کے ساتھ ملزمان کو چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نے کہا "ملزمان کتنے بھی شاطر کیوں نہ ہوں قانون کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا”۔































