اسلام آباد (ویب ڈیسک) 14 اکتوبر 2026
190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیل وفاقی آئینی عدالت نے مسترد کر دی، تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے تین صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیل مسترد کی جاتی ہے، اپیل 61 دن کی تاخیر سے دائر کی گئی، متفرق درخواست کے ذریعے استدعا کی گئی کہ تاخیر کا معاملہ درگزر کیا جائے، تاخیر سے اپیل دائر کرنے کی وجہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں قید بتائی گئی۔
وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 30 اپریل کے حکم کو چیلنج کیا گیا، سلمان صفدر نے میاں نواز شریف کیس کا حوالہ دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں مرکزی اپیل پہلے مقرر کی جا چکی ہے، متوازی جائزے کے بجائے مرکزی اپیل کے فیصلے کو جلد یقینی بنایا جائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی آئینی عدالت اس سطح پر مناسب سمجھتی ہے کہ مداخلت نہ کی جائے، توقع ہے کہ ہائیکورٹ مرکزی اپیل پر جلد فیصلہ کرے گی، امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ غیر ضروری التوا کی حوصلہ شکنی کرے گی۔



























