اسلام آباد (ویب ڈیسک)
17 اکتوبر 2026
اسلام آبادکی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر گرفتار کارکنان کے لئے بڑا ریلیف دے دیا۔
اے ٹی سی نے تمام پی ٹی آئی کارکنان کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی کارکنان کے وکیل سردار محمد مصروف، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے شناخت پریڈ کے لیے التوا کی درخواست کی۔
ایڈووکیٹ سردار مصروف نے کہا کہ ان ملزمان کو چالیس دن سے زیادہ ہو چکے ہیں، ہر سماعت پر پولیس التوا مانگ رہی ہے کارکنان کو پیش نہیں کیا جا رہا۔
ایڈووکیٹ مرتضیٰ طوری نے کہا کہ تمام کارکنان بے گناہ ہیں ان کو جان بوجھ کر گرفتار کیا گیا، پولیس کا جب دل کرتا ہے کسی کو گرفتار کر کے پی ٹی آئی کا بنا دیتی ہے۔
ایڈووکیٹ زاہد بشیر ڈار نے کہا کہ ہم نے پچھلی سماعت میں بھی استدعا کی تھی یہ بے گناہ کارکنان ہیں، عدالت گزشتہ سماعت والے اپنے آرڈر پر عمل کروائے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے تمام کارکنان کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔ پی ٹی آئی کارکنان کو تھانہ شالیمار اور سیکرٹریٹ کے مقدمات میں شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل کیا گیا تھا۔





























