اسلام آباد(ویب ڈیسک)
17 اکتوبر 2026
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے پر تشویش ہے اور پاکستان مکہ معاہدہ کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے ناقابل قبول ہیں، ایسے حملے علاقائی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔
وزارت خارجہ کےترجمان نے بتایا کہ عمان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا اور 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی روس کے وزیر داخلہ سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک روس تعلقات میں مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،نائب وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور افغان حکام پر زور دیا کہ اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم خطرات کے تدارک کے لیے اقدامات کریں۔ وزارت خارجہ اور ایچ ای سی کے درمیان ڈیجیٹل خدمات کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
بھارت سے متعلق ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کی دھمکیوں پر مبنی اشتعال انگیز بیانات مسترد کرتے ہیں، بھارت کا جارحانہ طرز عمل جنوبی ایشیا میں امن کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، پاکستان کے امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
غیر قانونی ہجرت پر انہوں نے بتایا کہ 18 ماہ کے دوران یورپ جانے والے غیر قانونی تارکین وطن میں 64 فیصد کمی ہوئی ہے۔
کشمیر پر ترجمان نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات غیر قانونی اور کالعدم ہیں، جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ہے۔



























