اسلام آباد(ہیرالڈنیوز)
15 اکتوبر 2026
اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کیس میں 23 نومبر کی تاریخ دی گئی ہے۔اسکے بعد جواب دائر کریں گے، کچھ مشتبہ اکاؤنٹس کے ساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے ایمرجنسی اور گورنر راج کی ہر فورم پر مخالفت کی ہے، گورنر رول ناجائز اور ماورائے قانون اقدام ہے، ایسے حالات نہیں تھے کہ آپ گورنر رول یا ایمرجنسی لگائیں۔
بیرسٹرگوہرنے کہا کہ آپ نے پوری بیوروکریسی کو تبدیل کر دیا، اب ایک پوری سیاسی جماعت کو ختم کرنے کے لیے پیچھے لگے ہیں، یہ اقدامات جمہوریت کے بھی خلاف ہیں، اس کو بند ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو کی مذاکرات کی دعوت پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کا 11 اکتوبر کے بعد سے سہیل آفریدی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے، ہمارے ایم پی ایز اور اسپیکر صوبائی اسمبلی کے ساتھ بھی رابطہ نہیں ہو رہا۔ کھوکھلے مذاکرات اور دعووں سے کچھ نہیں ہوتا، مذاکرات کے پیچھے تو ہماری حکومت چلی گئی۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے سوال اٹھایا کہ مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ ہم بیٹھے پھر اسکو کس نے کہا چھوڑ دیں، ڈیڈ لاک کی صورت میں کیا بات چیت ختم ہو جاتی ہے۔کیا مذاکرات میں فریقین ٹیبل سے اٹھ جاتے ہیں۔





























