راولپنڈی (کرائم رپورٹر)تھانہ چکلالہ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں قطر سے آیابھتیجا گھر میں گھس کر ماں کے سامنے اپنی کزن کواغواء کرلے گیا۔بیٹی کوآنکھوں کے سامنے اغوا ہوتادیکھ کر ماں صدمے سے دم توڑگئی۔پولیس نے ملزم کے خلاف اغواء اورقتل بسسبب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاتاہم ملزم کوسردست پولیس گرفتارنہیں کرپائی ۔پولیس کے مطابق ڈھوک چوہدریاں کے رہائشی یعقوب خان نے مقدمہ درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ تندور کا کام کرتا ہوں دو بیٹیاں ہیں دونوں کو طلاق ہوئی ہوئی ہے جو اپنے بچوں کے ساتھ ہمارے پاس ہی رہتی ہیں ۔بھتیجے الماس کی باغ آزاد کشمیر میں شادی تھی ۔ میں بڑی بیٹی اور اسکے تینوں بچوں اور چھوٹی بیٹی کے بیٹے کے ساتھ شادی میں شرکت کی لیے آزاد کشمیر چلےگئے۔چھوٹی بیٹی اور میری اہلیہ مسماتہ رقیہ بی بی گھر پر ہی تھے کہ اہلیہ نے فون کرکے بتایاکہ فیاض جو قطر ہوتا ہے اور ان دنوں پاکستان آیا ہوا ہے گھر میں آیا اور زبردستی میرے سامنے میری چھوٹی بیٹی کو ساتھ لے گیا ہے سخت پریشان ہوں طبعیت خراب ہوگئی ہے آپ لوگ جلدی سے واپس آجائیں ۔اہلیہ کی کال پرہم فوراآزاد کشمیر سے واپس روانہ ہوگئے اورہم ابھی راستے میں ہی تھے کہ ایک عزیزنے کال کرکے بتایا کہ آپکی اہلیہ مسماتہ رقیہ فوت ہوچکی ہے ۔میرے بھتیجے فیاض نے گھر میں داخل ہوکرمیری اہلیہ کے سامنے میری بیٹی کواغوا کیا اسی صدمے سے میری اہلیہ دم توڑگئی ہیں۔جس پرملزم کے خلاف لڑکی کے اغواء اور خاتون کےقتل بسسبب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔
