حیدرآباد / ٹنڈوآدم (ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پٹرولیم لیوی، بھتہ نما ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف کراچی سے اسلام آباد روانہ ہونے والے ٹرین مارچ کا حیدرآباد اور ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشنوں پربڑی تعدادمیں کارکنان اور شہریوں نے استقبال کیا۔
حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر اجتماع سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ تحریک ذاتی یا جماعتی ایجنڈے کے لئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ہے۔اسلام آباد مارچ منزل نہیں۔اصل مقصد عوام کو انکے حقوق دلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی موجودہ قیمت میں 135 روپے پٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، اگر لیوی ختم کی جائے تو قیمت 200 روپے سے کم ہو سکتی ہے، حکومت پٹرولیم لیوی، بجلی اور گیس کے بلوں میں فکس چارجز اور اضافی ٹیکسز فوری ختم کرے، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔
ٹنڈوآدم میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی مہم میں معاشرے کے تمام طبقات شریک ہیں، ٹرین مارچ کا اگلا پڑاؤ روہڑی ہوگا۔جہاں سے قافلہ اسلام آباد روانہ ہوگا۔
اس موقع پرامیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ، منعم ظفر، حافظ طاہر مجید، افضال احمدسمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ٹرین مارچ استقبال کے بعد اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیاہے۔





























