راولپنڈی (ویب ڈیسک)
08اکتوبر2026
راولپنڈی میں تھانہ پیرودھائی کے علاقے ڈھوک نجو میں مدرسہ جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والی بچی کی لاش اس کے خالو کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیاہے۔
بتایاگیاہے کہ ڈھوک نجوکے رہائشی محمد فیصل نے 6 اکتوبرکواپنی بیٹی مسماۂ “م “کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی کہ بچی مدرسے کے لئے گئی اور واپس نہ آئی۔ پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کے خالو ممریز کی مشکوک حرکت سامنے آئی جس پر پولیس نے اسکے گھر کا تالا توڑا تو بچی کی لاش چارپائی کے نیچے سے ملی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچی کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا، تاہم پولیس کے مطابق حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئے گی۔
ملزم شادی شدہ اور تین بچوں کا باپ بتایا جاتاہے جوواقعہ کے بعد سے روپوش ہے۔ بچی کی والدہ کے مطابق ملزم نے ابتداء میں اہل خانہ کے ساتھ مل کر بچی کو تلاش کرنے کا ڈرامہ بھی کیا۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی اورایس ایس پی انویسٹیگیشن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور تمام زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔
بچی کی والدہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے انصاف کی اپیل کی ہے۔






























