اسلام آباد(ویب ڈیسک)
27اکتوبر2026
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یوم سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم 27 اکتوبر 1947 کے ان واقعات کو یاد کرتے ہیں جب بھارتی فوج سرینگر میں داخل ہوئی جس سے جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک طویل اور دردناک باب کا آغاز ہوا، تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے بعد بھی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام اس دیرینہ تنازعے کے نتائج بھگت رہے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت سے محروم چلے آ رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور عوام دہائیوں سے بنیادی آزادیوں پر پابندیوں، انسانی حقوق کی پامالیوں اور گہرے آلام و مصائب کا سامنا کر رہے ہیں، ان تمام تر صعوبتوں کے باوجود ان کا عزم، شجاعت اور استقامت غیر متزلزل ہے، کشمیریوں کی نسلوں کی قربانیاں ان کی انصاف، امن اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کے لیے مسلسل جدوجہد کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جموں و کشمیر پر متعدد قراردادیں منظور کی جن میں عوام کی منشا کے مطابق پرامن تصفیے پر زور دیا گیا ہے، پاکستان کا مسلسل مؤقف ہے کہ یہ قراردادیں تنازع کے حل کے لیے مرکزی ہیں اور اس طویل المدتی تنازع کے منصفانہ، پرامن اور پائیدار تصفیے کے لیے بین الاقوامی برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بین الاقوامی تشویش میں اضافہ ہوا ہے، بعد ازاں کی گئی قانون سازی اور انتظامی اقدامات، بنیادی آزادیوں پر قدغنوں، آبادیاتی اور سیاسی تبدیلیوں، اور کشمیری سیاسی رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں کی مسلسل نظر بندی نے مقبوضہ علاقے کے عوام میں عدم تحفظ اور احساس محرومی کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت بین الاقوامی برادری نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور انسانی حقوق کی مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، یہ خدشات عالمی برادری کی جانب سے مسلسل توجہ اور عملی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے مصائب کے خاتمے اور ان کے بنیادی حقوق کے احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے اپنی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔




























