اسلام آباد(ویب ڈیسک)
26اکتوبر2026
وفاقی دارالحکومت میں تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں زیر حراست دو افغانی ڈکیت عبداللہ اور ملہے خان اپنے ہی ساتھیوں کی پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔
وفاقی پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم زیر حراست ملزمان کے انکشاف اور نشاندہی پر ساتھی ملزمان کی گرفتاری اور برآمدگی کے لیے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے راول ٹاؤن کے قریب کباڑ خانے لے کر گئی، جنگل میں چھپے 4 مسلح ساتھی ملزمان نے زیر حراست ملزمان کو چھڑوانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق زیر حراست ملزمان عبداللہ اور ملہے خان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جو بعد ازاں دم توڑ گئے، ترجمان کے مطابق ملزمان عبداللہ اور ملہے خان دونوں افغانی شہری ہیں، ملزمان تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود میں خاتون سے موبائل چھیننے، ریپ کی کوشش اور زخمی کرنے کے مقدمہ میں گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگرساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے اور جلد انہیں گرفتارکرلیاجائے گا۔




























