اسلام آباد(ویب ڈیسک)
27اکتوبر2026
وفاقی مشیر برائے اقتصادی و مالیاتی اصلاحات خرم شہزاد نے مالی سال 26/27 کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا ہے۔
وفاقی مشیرخرم شہزاد کے مطابق سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.5 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے جو گزشتہ سال کی نسبت 52 فیصد زیادہ ہیں، مجموعی برآمدات 11.2 ارب ڈالر رہیں جس میں 11 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافے کے ساتھ سرمایہ کاری 720 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، تینوں بڑی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی خودمختار ریٹنگ کو ‘B’ کیٹگری میں مستحکم قرار دیا ہے۔
آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی برآمدات 1.25 ارب ڈالر رہیں جو 18 فیصد اضافے کے ساتھ دوسری بلند ترین سطح ہے، فری لانسرز کی آمدنی 46 فیصد اضافے کے ساتھ 550 ملین ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
پاکستان کی ترسیلات زر 10.9 ارب ڈالر رہیں جن میں 14 فیصد کا اضافہ ہوا، سرفہرست ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور یورپی یونین شامل ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مجموعی سرمایہ کاری 14.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو 28 فیصد کا اضافہ ہے۔




























