بانی پی ٹی آئی اورانکی اہلیہ ناحق جیل میں قید ہیں ، بیرسٹر گوہر علی خان

  • اسلام آباد (ویب ڈیسک)
    18 نومبر 2026

بیرسٹر گوہر علی خان چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگومیں کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ ناحق جیل میں قید ہیں، ان شاء اللہ دنیا دیکھے گی کہ بانی پی ٹی آئی ناحق جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی تقسیم کے ماحول میں چیف جسٹس صاحبان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، عدلیہ ایسا انصاف کرے کہ ہوتا ہوا بھی نظر آئے۔ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے، پی ٹی آئی کے بغیر ملک میں کوئی سیاسی پیش رفت ممکن نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کے مقاصد کا علم نہیں، خوشی ہے کہ بالآخر سب نے پی ٹی آئی کی سیاسی حیثیت تسلیم کر لی۔ پی ٹی آئی پاور شیئرنگ کے لیے نہیں بلکہ اصولوں کی جنگ لڑ رہی ہے، ملک اور قوم کے مفاد میں جو فیصلہ کریں گے، پارٹی مشاورت سے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات اور مشاورت سے ہوں گے، پی ٹی آئی کے سیاسی کارڈز ابھی ہمارے سینے میں ہیں۔ صوبوں کے قیام اور وسائل کی تقسیم پر غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دینے چاہئیں، صوبوں کا قیام اور وسائل کی منصفانہ تقسیم عوامی مسائل کے حل میں اہم ہیں۔ ہم سسٹم کے بینیفشری بننے نہیں بلکہ اصولوں کی جنگ لڑنے آئے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اور بہن بھی ناحق قید ہیں، بانی پی ٹی آئی کی بہن نے پاکستان کی تاریخ میں طویل قید کا سامنا کیا، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ججز کو خط لکھ کر اپنی آئینی اور قانونی حقوق کی یاد دہانی کرائی، بانی پی ٹی آئی نے عدالتوں سے ریلیف یا رعایت نہیں، اپنا قانونی حق مانگا ہے۔ بانی پی ٹی آئی انصاف مانگ رہے ہیں، کسی قسم کی خصوصی رعایت نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، اسی ملک میں جئیں گے اور سر اٹھا کر جئیں گے، عدالتی فیصلوں کو پورا پاکستان اور دنیا دیکھ رہی ہے، ججز سے درخواست ہے کہ انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر رکھیں، انصاف کا ترازو برابر ہوا تو ہمارا کپتان کل بھی بے گناہ تھا اور آج بھی بے گناہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عوام انصاف کی جدوجہد میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے، پی ٹی آئی کے بغیر کوئی سیاسی بات آگے نہیں بڑھ سکتی، چیف جسٹس انصاف کے تقاضے پورے کریں۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین