COMCEC کا42ویں اجلاس :جام کمال کی اوآئی سی ممالک سے تجارتی تعاون بڑھانےاورفلسطینی عوام کی حمایت

استنبول (ویب ڈیسک)
6 نومبر 2026

وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان نے COMCEC کے 42ویں اجلاس کی اختتامی نشست سے او آئی سی رکن ممالک کی جانب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی یکجہتی، تجارتی تعاون اور مشترکہ ترقی کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

جام کمال خان نے کہا کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال میں اسلامی ممالک کے درمیان مشترکہ حکمت عملی اور تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی وسائل، افرادی قوت اور معاشی صلاحیتوں کو مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تجارت بڑھانے کے لیے مؤثر تجارتی مالیاتی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدکنندگان خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان اور سستی مالی سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔

جام کمال خان نے کہا کہ تجارتی مالی معاونت میں حائل قانونی، انتظامی اور مالی رکاوٹوں کو مشترکہ کوششوں سے دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو برآمدی قرضوں کی ضمانتوں اور جدید مالیاتی سہولتوں کے نظام کو مضبوط بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شریعت کے مطابق اسلامی تجارتی مالیاتی نظام کا فروغ برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹمز اور بینکاری نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرحد پار تجارت میں آسانی اور اخراجات میں کمی ممکن ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کے زیرِ انتظام کاروباروں کو خصوصی مالی سہولتیں اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی روابط، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور ڈیجیٹل تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔

جام کمال خان نے کہا کہ نجی شعبہ سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، جدت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں اسلامی ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے او آئی سی رکن ممالک کی جانب سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیے، مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کو متاثر کرنے والے اقدامات اور غیر قانونی بستیوں کی توسیع پر شدید تشویش ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ COMCEC اجلاس کی اصل کامیابی سفارشات اور فیصلوں پر مؤثر اور عملی عملدرآمد سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے باہمی روابط اور شراکت داری مزید مضبوط بنانا ہوگی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کامیاب اجلاس کے انعقاد اور شاندار میزبانی پر ترک حکومت اور عوام سے اظہارِ تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی یکجہتی اورمشترکہ اقتصادی تعاون سےمضبوط، مستحکم اورباہم مربوط معیشتوں کی تشکیل ممکن ہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین