راولپنڈی (ویب ڈیسک)
13 نومبر 2026
معروف اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس کی تفتیش میں مذیدانکشافات سامنے آگئے ہیں جبکہ مقتولہ کے شوہر گریڈ اٹھارہ کے آفیسر ملزم احسن طاہر کے موبائل کافرانزک آڈٹ مکمل کرلیاگیاہے جس میں میاں بیوی کی موبائل پرچیٹنگ میں باہمی لڑائی جھگڑا سامنے نہیں آیا۔
اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں ملزم احسن طاہر کے موبائل کا ابتدائی تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ملزم اور ربیعہ کے درمیان چیٹ کا مکمل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا، جس میں لڑائی جھگڑے کا عنصر سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کامذیدکہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر مقدمہ کے نامزدملزم جوکہ گریڈ اٹھارہ کے آفیسر ہیں نے دورانِ تفتیش آلہ قتل، تیس بور پستول اور وقوعہ سے متعلق تفصیلات پولیس کو قلمبند کرادی ہیں۔ملزم شوہر احسن طاہر نے پولیس کوبتایا کہ اس نے چھ ماہ قبل ایک دوست سے غیر قانونی پستول حاصل کیا تھا اور اسے اس ہتھیار کے استعمال سے متعلق بہت کم معلومات تھیں۔
پولیس کوبتائی گئی ملزم کی جانب سے تفصیلات کے مطابق اس نے پستول اور گولیوں سے بھرا میگزین الگ الگ جگہ رکھے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ خدشہ سامنے آیا ہے کہ چھ ماہ قبل میگزین نکالتے وقت ایک گولی پستول کے چیمبر میں رہ گئی تھی۔
ملزم نے پولیس کاریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ وقوعہ کے روز الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول نکلا۔جس میں میگزین موجود نہیں تھا۔ اسے لگا کہ پستول میں گولی نہیں ہے۔ اسی یقین پر ربیعہ کی جانب پستول تان کر مذاق میں ٹریگر دبا دیا، لیکن فائر ہو گیا۔
احسن طاہر کے پولیس بیان کے مطابق گولی ربیعہ کو گردن کے نیچے، دونوں ہنسلیوں کے درمیان موجود گڑھے میں لگی، ربیعہ زمین پر گر گئیں اور خون میں لت پت ہو گئیں۔
ملزم نے پولیس کومذیدبتایا کہ اس نے انتہائی پریشانی کی حالت میں ریسکیو 1122 کو کال کی، ریسکیو اہلکار پولیس سے پہلے موقع پر پہنچے اور ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔































