نان فائلرز آسان ٹیکس سکیم سےفائدہ اٹھائیں،31دسمبرتک تاریخ بڑھائی جائے،اجمل بلوچ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
8 نومبر 2026

آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے تاجر نمائندوں کی مشاورت سے آسان ٹیکس سکیم متعارف کرا کے چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ نان فائلرز اور چھوٹے تاجروں کو اس سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر سکیم کی آخری تاریخ 31 دسمبر تک بڑھائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تاجر اس سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ جاتی کرپٹ مافیا اور بعض مفاد پرست عناصر تاجروں کو شفاف ٹیکس نظام میں شامل ہونے سے روک رہے ہیں۔ مختلف خدشات اور غلط فہمیاں پیدا کر کے تاجروں کو نئی سکیم سے دور رکھا جا رہا ہے۔ ایف بی آر ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرے اور مارکیٹوں میں آگاہی مہم شروع کر کے تاجروں کو براہ راست رہنمائی فراہم کرے۔

میاں کامران کاکاخیل، محمد نعمان اور شاہد حسین عباسی نے کہا کہ نئی آسان ٹیکس سکیم چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ اس سے تاجروں کو پیچیدہ ٹیکس طریقہ کار، آڈٹ اور پوائنٹ آف سیلز مشین سے متعلق مشکلات میں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ سکیم کو آسان، شفاف اور قابل عمل بنائے تاکہ تاجر بلاخوف و خطر ٹیکس نظام کا حصہ بن سکیں۔

تاجر رہنماؤں نے کہا کہ حکومت اگر واقعی ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتی ہے تو تاجروں کو ہراساں کرنے کے بجائے سہولتیں فراہم کرے۔ ایف بی آر مارکیٹوں میں آگاہی کیمپ لگائے، سکیم کی شرائط واضح کرے اور تاجروں کے جائز تحفظات دور کرے۔ تاجر تنظیمیں ٹیکس نظام کو دستاویزی بنانے میں حکومت سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر اجمل بلوچ، خالد چوہدری، میاں بشارت کاکاخیل، عامر بخاری، چوہدری وحید، رانا بلال، نعیم اقبال، مظفر ہاشمی، میر اللہ داد، احمد خان، راجی ذوالفقار، اختر عباسی، چوہدری وحید چیمہ، نعیم اعوان، سید الطاف حسین شاہ، محمد نعمان، صفدر عباسی، ولید خالد، قمر عباسی، عمر خیام عباسی، راجہ زاہد دھنیال، عرفان چوہدری، ابرار الحق، چوہدری ریاست علی، شہزاد عباسی، اسماعیل خان، ظفر گجر، عثمان خان، اظہر اقبال، جمیل قریشی اور دیگر نے ایف بی آر سے آسان ٹیکس سکیم کی تاریخ 31 دسمبر تک بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین