اسلام آباد (ویب ڈیسک)
18 نومبر 2026
پولیس لائنز میں تیرہ سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کے بہیمانہ تشدد سے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ پولیس آفیسر محمد بن اشرف کی اہلیہ پاکستانی نژاد کینیڈین شہری افشاں اور دوسرے گرفتار ملزم قاری علی نے پولیس تفتیش میں ایک دوسرے سے متضاد بیانات سامنے آگئے ہیں۔
علاوہ ازیں تیرہ سالہ فاطمہ اصغر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کی موت نہایت سفاکی سے بہیمانہ تشدد کرنے، اسے سر سے پاؤں تک مسلسل تشدد کا نشانہ بنانے، جسم کو استری سے جلانے اور اس کے زخموں کا کوئی علاج معالجہ تک نہ کرانے کی وجہ سے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مقتولہ فاطمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انسانیت سوز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ تھانہ شمس کالونی پولیس کے ہاتھوں گرفتار پولیس آفیسر محمد بن اشرف کی پاکستانی نژاد کینیڈین شہری اہلیہ افشاں نے کسی بھی قسم کا جرم تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پولیس تفتیش میں بیان ریکارڈ کرا دیا ہے کہ اس نے تیرہ سالہ فاطمہ اصغر پر کبھی کوئی تشدد نہیں کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ پر کوئی تشدد نہ کرنے کا پولیس تفتیش میں بیان ریکارڈ کرانے والی مذکورہ پولیس آفیسر کی اہلیہ کے بیان کے بالکل برعکس دوسرے گرفتار ملزم قاری علی کا بھی پولیس نے بیان ریکارڈ کر لیا ہے جس میں ملزم قاری علی جو کہ پنجاب ہائی وے پولیس کا ملازم ہے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تیرہ سالہ مقتولہ فاطمہ کو پڑھاتا تھا اور میڈم افشاں کے کہنے پر اسے مبینہ تشدد کا نشانہ بناتا تھا کیونکہ میڈم افشاں کا حکم تھا کہ فاطمہ پر سختی کرو اور اسے پڑھاؤ۔ میڈم افشاں مجھ سے گھریلو ملازمہ فاطمہ پر جب میں پڑھانے بیٹھتا تھا تو کہہ کر تشدد کرواتی تھی۔
جس پر پولیس تفتیشی ٹیم نے پولیس لائنز میں واقع وقوعہ والے پولیس آفیسر محمد بن اشرف کے گھر پر اچانک چھاپہ مارا ہے اور ملزمہ کینیڈین شہری افشاں کی نشاندہی پر گھر سے وہ استری برآمد کر لی ہے جسے وہ مبینہ بجلی سے گرم کر کے کمسن مقتولہ فاطمہ کے جسم پر نہایت سفاکیت سے پھیر کر اس کا جسم جلاتی رہی اور اسے تکلیف دیتی رہی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قاری علی کی نشاندہی پر گھر سے چھڑیاں اور سوٹیاں بھی برآمد کر کے پولیس قبضے میں لے لی گئی ہیں جن سے قاری علی نے مقتولہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ قاری علی کا اپنے بیان میں یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ مقتولہ تین سالوں سے میڈم افشاں کے پاس رہتی تھی لیکن اس نے اسے پچھلے تین مہینوں سے دینی تعلیم دینا شروع کی تھی جس میں میڈم کا سخت حکم تھا کہ اسے (فاطمہ کو) مارو، تشدد کا نشانہ بناؤ جس پر میں معمولی پولیس اہلکار ہوں تو اپنی ملازمت بچانے کے خوف سے مقتولہ فاطمہ کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مقتولہ فاطمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ فاطمہ کے جسم پر زخموں کا کوئی علاج معالجہ نہ کرانے کی وجہ سے نہایت بدبو تھی، تعفن زدہ جسم ہو گیا تھا اور مسلسل اس کے بعض زخموں پر مزید اور بار بار تشدد کے نتیجہ میں پیپ بھی پڑی ہوئی تھی جبکہ اس کے جسم پر زخموں میں خون بھی جما ہوا تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کمسن فاطمہ پر مسلسل بہیمانہ تشدد کی تصدیق کرتے ہوئے ڈاکٹر نے اپنی رائے لکھی ہے کہ فاطمہ کے جسم پر تشدد کے باعث زخموں میں انفیکشن بھی موت کا باعث ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فاطمہ کے جسم کے مختلف حصوں پر 20 بڑے زخموں اور تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں اور مقتولہ کا پورا جسم تشدد سے سوزش زدہ تھا۔ فاطمہ کو سر سے لے کر پاؤں کی انگلیوں تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بدترین اور وحشیانہ تشدد کی وجہ سے فاطمہ کے جسم کے مختلف حصوں میں خون جما پایا گیا جبکہ خون کے لوتھڑے دل اور گردوں میں بھی جمے ہوئے پائے گئے جس سے فاطمہ کی موت واقع ہوئی جبکہ بائیں بازو پر پرانا خراب شدہ زخم موجود تھا اور سینے پر پرانے زخموں کے نشانات بھی تھے۔ جسم پر جلے ہوئے زخم استری سے تشدد کو ظاہر کرتے ہیں۔ مقتولہ فاطمہ کے بازوؤں، ہاتھوں پر بھی تشدد کے واضح نشانات پائے گئے۔































