ربیعہ احسن قتل کیس،سولہ سالہ ازدواجی زندگی میں ایک بارسیلون کی ملازمہ کی وجہ سےلڑائی ہوئی ،ملزم شوہر

راولپنڈی (ویب ڈیسک)
14 نومبر 2026

معروف اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس کی تفتیش میں مقتولہ کےگرفتارشوہرنے پولیس کے روبروانکشاف کیاہے کہ انکی ربیعہ سے سولہ سالہ ازدواجی زندگی میں ایک بارسیلون کی ملازمہ کی وجہ سےلڑائی ہوئی۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شوہر احسن طاہر کے موبائل کا ابتدائی تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے جس میں میاں بیوی کی چیٹ میں لڑائی جھگڑے کا عنصر سامنے نہیں آیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم اور ربیعہ کے درمیان چیٹ کا مکمل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے، جس میں لڑائی جھگڑے کا عنصر سامنے نہیں آیا۔ دونوں کے موبائل فونز کے تجزیے میں باہمی ناراضگی کے شواہد نہیں ملے۔ملزم نے دورانِ تفتیش آلۂ قتل، تیس بور پستول اور وقوعہ سے متعلق ابتدائی تفصیلات بتائی ہیں۔ احسن طاہر نے بتایا کہ اس نے چھ ماہ قبل ایک دوست سے غیر قانونی پستول حاصل کیا تھا اور اسے اس ہتھیار کے استعمال سے متعلق بہت کم معلومات تھیں۔

پولیس ریکارڈ کرائے گئے ملزم کے مطابق اس نے پستول اور گولیوں سے بھرا میگزین الگ الگ جگہ رکھے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ امکان سامنے آیا ہے کہ چھ ماہ قبل میگزین نکالتے وقت ایک گولی پستول کے چیمبر میں رہ گئی تھی۔

پولیس دئیے گئے بیان میں ملزم نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ وقوعہ کے روز الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول نکلا، جس میں میگزین موجود نہیں تھا۔ اسے لگا کہ پستول میں گولی نہیں ہے۔ اسی یقین پر ربیعہ کی جانب پستول تان کر مذاق میں ٹریگر دبا دیا، لیکن فائر ہو گیا۔

ملزم شوہراحسن طاہر کے بیان کے مطابق گولی ربیعہ کو گردن کے نیچے، دونوں ہنسلیوں کے درمیان موجود گڑھے میں لگی، ربیعہ زمین پر گر گئیں اور خون میں لت پت ہو گئیں۔

گرفتارشوہرملزم نے بتایا کہ اس نے انتہائی پریشانی کی حالت میں ریسکیو 1122 کو کال کی، ریسکیو اہلکار پولیس سے پہلے موقع پر پہنچے اور ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

دوسری جانب میاں بیوی کے تعلقات سے متعلق سوشل میڈیا دعوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم احسن نے دورانِ تفتیش ازدواجی زندگی اور سیلون کے تنازعے سے متعلق تفصیلی بیان دے دیا ہے۔

ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ ربیعہ سے 2010 میں پسند کی شادی کی، دونوں نجی بینک میں ساتھ کام کرتے تھے۔ بینک کے بعد دونوں نے موبائل نیٹ ورک کمپنی میں ملازمت اختیار کی۔ ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں بھی ملازمت ملی۔

ملزم کے بیان کے مطابق کورونا کے دوران ربیعہ نے اسلام آباد میں سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا، کاروبار میں ساتھ دیا۔ سیلون کی دو ملازم خواتین کے تنازعے کے باعث میاں بیوی میں ناراضگی ہوئی۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ ایک ملازمہ نے دوسری کو نوکری سے نکلوانے کے لیے مجھ پر تعلقات کا الزام لگایا۔ الزام کی تردید کر کے ربیعہ کو یقین دلایا تو ناراضگی ختم ہو گئی تھی۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے علاوہ 16 سالہ ازدواجی زندگی میں کوئی تنازع نہیں تھا۔ ربیعہ کے ساتھ روزانہ شام کو جم میں بیڈمنٹن کھیلنے جاتا تھا۔ ربیعہ محنت سے مقام بنانے والی پیشہ ور خاتون تھیں۔

ملزم احسن نے میاں بیوی کے درمیان مسلسل خراب تعلقات کے دعوؤں کی تردید کر دی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سے حاصل ہونے والے بیان اور وقوعہ کی تفصیلات کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین