اسلام آباد(ویب ڈیسک)
20نومبر 2026
وفاقی دارالحکومت میں ایس ایچ او تھانہ مارگلہ سب انسپکٹر عمران منیر دوران ڈیوٹی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ہیں جنکی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کی گئی۔
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری، ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی، سینئر پولیس افسران، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور بڑی تعداد میں جوانوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
آئی جی اسلام آباد اور پولیس فورس نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی۔ آئی جی اسلام آباد نے مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
آئی جی نے کہا کہ مرحوم پولیس افسر کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ سب انسپکٹر عمران منیر کی محکمہ پولیس کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کے جسد خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے۔































