اسلام آباد(چیف کرائم رپورٹر) پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لئےانگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے جامع سیکیورٹی پلان کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایاہے کہ دونوں غیرملکی کرکٹ ٹیموں کی سیکیورٹی پرمجموعی طور پر 2000 پولیس افسران و اہلکارمامور ہوں گے۔
اس پربدھ کووفاقی پولیس کے سکیورٹی ڈویژن ایڈمن بلاک میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ ECB کے سکیورٹی نمائندگان کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہوا۔
جس میں ایس ایس پی وی آئی پی پروٹیکشن/ہائی سکیورٹی زون کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے ECB کی سکیورٹی ٹیم کو دورے کے دوران جامع اور فول پروف سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی، آمد و رفت کے روٹس، قیام گاہ، کرکٹ وینیو اور دیگر اہم مقامات پر حفاظتی اقدامات سمیت سکیورٹی پلان کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ایس ایس پی سید ذیشان حیدر نے کہا کہ "غیر ملکی مہمانوں اور کرکٹ ٹیم کی فول پروف سکیورٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔”
پولیس ذرائع کے مطابق 2000 سیکیورٹی سٹاف میں آپریشنل پولیس، ٹریفک پولیس، لیڈیز پولیس، پولیس کمانڈوز اور سپیشل برانچ کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔ انگلینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں اور دیگر آفیشلز کی رہائش و روٹ سیکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اجلاس کے اختتام پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی نمائندگان نے اسلام آباد پولیس کے جامع سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پلان کو سراہا۔واضح رہے کہ ٹرائی کرکٹ سیریز اٹھارہ اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگی اور پہلا میچ پاکستان ، سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔





























