اسلام آباد(کرائم رپورٹر) پاکستان میں عمرے کی آڑمیں خواتین کے جنسی استحصال کاانکشاف ہواہے جس میں منظم نیٹ ورک پکڑاگیاہے۔ملتان ائیر پورٹ سےگرفتار خاتون نے سب کچھ اگل دیا۔
ایف آئی اےکےمطابق خاتون مسافرانیشہ بی بی کی نشاندہی پر ملتان ائر پورٹ سے محمد امجد نامی ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیاہے۔خاتون مسافر فلائٹ نمبر SV801 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہی تھی
امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک ہونے پرخاتون مسافر کوجانچ پڑتال کے لئے شفٹ انچارج کے دفتر لایاگیاجہاں ابتدائی تفتیش کے دوران خاتون مسافر کوجنسی استحصال کے لئے بیرون ملک بھجوانے کے اہم شواہدبرآمد کر لئے گئے ہیں۔
مسافر خاتون کے موبائل فون میں چیٹس اوردیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران کمرشل جنسی استحصال سے متعلق مبینہ شواہد سامنے آئے، دورانِ تفتیش جنسی استحصال کے منظم نیٹ ورک سے متعلق اہم تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث منظم گینگ کا سرغنہ سعودی عرب سے گینگ چلا رہا تھا، سعودی عرب میں مقیم ایجنٹ نے عمرہ ویزے کی آڑ میں مسافر کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کیے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون مسافر کو سعودی عرب میں جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کا مبینہ منصوبہ تھا۔
مسافر خاتون کے زیراستعمال موبائل فونز اور دیگر متعلقہ مواد کو مزید تحقیقات کے لئےقبضہ میں لے لیا گیاہے۔خاتون مسافر کو ایجنٹ سمیت ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیاہے۔
اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔





























