اسلام آباد (ویب ڈیسک)صوبہ خیبرپختونخوا کے مستقبل کے حوالے سے اہم مشاورتوں اور فیصلوں کے لئے آج جمعرات کا دن انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں گورنر رول یا ایمرجنسی کے آئینی پہلوؤں سے نمٹنے کے لئے آج اہم مشاورتوں کا دن ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور امیر مقام کو مشاورت کے لیے وزیراعظم ہاؤس بلا لیا ہے جس میں خیبرپختونخوا کے معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آج شام یا رات کوایوان صدر میں بھی ایک اہم بیٹھک کا امکان ہے جس میں وزیراعظم صدر پاکستان کو خیبرپختونخوا کی بگڑتی سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے اور آئینی آپشنز پر مشاورت کی جائے گی، جس میں تمام سیاسی، آئینی اور قانونی پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کے بدترین گورننس کے حالات، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے مکمل لاتعلقی اور اس سے ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔





























