صدرمملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ایوان صدر کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل جمعہ کو پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔

مشترکہ وفد میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام اور پیپلز پارٹی کی طرف سے شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہوں گے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین