اسلام آباد (ویب ڈیسک ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پروجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر پیش رفت، جاری کاموں اور آئندہ مرحلے پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پروجیکٹ دارالحکومت میں آمدورفت، ٹریفک روانی اور سڑکوں کی گنجائش بہتر بنانے کا ایک اہم منصوبہ ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق چیئرمین نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منظور شدہ ڈیزائنز اور تعمیراتی معیار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تعمیراتی کام کے دوران مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ، کوالٹی کنٹرول اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق جاری انفورسمنٹ آپریشن کے تحت ایکسپریس وے کے اطراف 377 عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں 281 کمرشل عمارتیں شامل ہیں۔ اب تک 58 عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں۔ یہ کارروائی غیر مجاز تعمیرات، زمین کے غیر مجاز استعمال اور فائر سیفٹی کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق انفورسمنٹ آپریشن کے دوران اب تک 234.685 ملین روپے کی وصولی ہو چکی ہے، جبکہ زمین کے استعمال کی تبدیلی اور دیگر خلاف ورزیوں کی مد میں تقریباً 3 ارب روپے قابل وصول ہے۔
چیئرمین نے ہدایت کی کہ بلڈنگ کنٹرول اور زمین کے استعمال کے ضوابط پر بلا تعطل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اسلام آباد ایکسپریس وے کے اطراف کسی بھی غیر قانونی اور غیر معیاری سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر انعم فاطمہ،متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور سی ڈی اے کے افسران بھی موجود تھے۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق شہریوں اور مسافروں نے اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ سمیت سی ڈی اے کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بہتر سڑکیں، انفراسٹرکچر، خوبصورتی اور عوامی سہولیات اسلام آباد کو جدید اور ترقی یافتہ دارالحکومت بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔





























