اسلام آباد(ویب ڈیسک)
17اکتوبر2026
پاکستان اور بنگلہ دیش کے ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے 15 رکنی بنگلہ دیشی ثقافتی وفد نے پی این سی اے میں شاندار پرفارمنس پیش کی۔ بنگلہ دیشی فنکاروں نے موسیقی، انفرادی گائیکی اور روایتی رقص کے ذریعے اپنے ملک کی ثقافت کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔
پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ ثقافتی شام میں وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی، بنگلہ دیشی ہائی کمشنر اقبال حسین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اورنگزیب خان کھچی وفاقی وزیر نے کہا کہ ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کی روایات سمجھنے اور باہمی احترام کے فروغ کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ امید ہے یہ دورہ فنکاروں کے باہمی دوروں اور تخلیقی تجربات کے تبادلے کی راہ ہموار کرے گا۔
سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے کہا کہ بنگلہ دیشی فنکاروں نے ثقافتی ورثے کو خوبصورتی سے پیش کیا، ثقافتی تبادلے نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور روایتی فنون کے تحفظ کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا کہ موسیقی، ادب اور مشترکہ روایات دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، پرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔






























