اسلام آباد (ویب ڈیسک)
23 اکتوبر 2026
پاکستان حکومت کی جانب سے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہےاور ترکیہ سعودی عرب ،پاکستان کی دس قومی و بین الاقوامی فرموں نے پری کوالیفائی کرلیاہے۔
محمد علی وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری کے لیے 10 قومی و بین الاقوامی فریقین کی پری کوالیفکیشن کی منظوری دے دی گئی ہے۔
جس میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے معروف سرمایہ کار اور گروپس شامل ہیں، جن میں ترکیہ کی تین اہم انرجی کمپنیاں اکٹور الیکٹرک، جینویرا انرجی اور چنگیز انرجی بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں اینگرو انرجی، نوواٹیکس، سیفائر فائبرز اور بیسٹ وے سیمنٹ جبکہ آرٹسٹک ملنرز، حب پاور اور حسنات برادرز کنسٹرکشن کی قیادت میں قائم کنسورشیمز کو بھی بولی کے لئے اہل قرار دے دیا گیا ہے۔
نجکاری کے عمل میں شامل تمام 10 فریقین کو ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ کمپنی کا تفصیلی جائزہ لے سکیں، آئیسکو نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں شامل تین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سے ایک ہے جبکہ اس مرحلے میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) بھی شامل ہیں۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے فیسکو کی نجکاری کے لیے آرٹسٹک ملنرز کے کنسورشیم میں نئے ممبران کے اضافے کی بھی منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ کنسورشیم پہلے مرحلے کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں حصہ لے سکے گا۔
اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر اور ری اسٹرکچرنگ پلان میں تبدیلیوں کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ نجکاری کے بعد بھی بینک کی توجہ زرعی شعبے اور کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے پر مرکوز رہے گی، اسی طرح اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری کے لیے ڈوئچے بینک کی قیادت میں قائم کنسورشیم کو مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔






























