کراچی (ویب ڈیسک)
22اکتوبر 2026
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی زون نے خاتون کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیاہے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کراچی سرکل کی کھلی کچہری میں پیش ہوئی تھی، شکایت پر 6 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون کی نجی تصاویر بنائیں اور بلیک میل کرتا رہا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو ملینیم مال گلستان جوہر کے قریب سے گرفتار کیا گیا، مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ملزم کے موبائل فون سے متاثرہ خاتون کے علاوہ متعدد خواتین کی نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم خواتین کو کرائے پر گاڑیاں دینے کی آڑ میں اعتماد میں لیتا اور بلیک میل کرتا تھا۔
سید علی ناصر رضوی ڈی جی این سی سی آئی اے نے کہا کہ خواتین کی عزت و وقار پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔































