اسلام آباد(ویب ڈیسک)
25 اکتوبر 2026
اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک پاکستان میں اسلام آباد میں بنے گا۔تاریخی قذافی سٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے تھیم پارک پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔
وزیرِداخلہ محسن نقوی کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا اور شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی گئی۔
سعودی عرب کے سرمایہ کار معاہدے کے تحت اسلام آباد میں تھیم پارک پراجیکٹ کے لئے سرمایہ کاری کریں گے جبکہ سی ڈی اے تھیم پارک کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک پراجیکٹ کے حوالے سے سعودی عرب سے آئے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہیں، اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کی طرز پر استوار کیا جا رہا ہے، سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی، تھیم پارک ایک گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اگلے چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے روڈ شو کا بھی پلان ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔




























