اسلام آباد(پ ر)
28 اکتوبر 2026
آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری،سابق سینئر نائب صدراسلام آباد چیمبر خالد محمود چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز سے متعلق ترمیمی بل کی پارلیمنٹ سے منظوری تک تاجروں کے خلاف کارروائیاں فوری روکی جائیں۔
تاجر رہنماؤں نے کہا کہ تاجر قانون پر عمل درآمد سے انکاری نہیں، لیکن متبادل کے بغیر پابندیاں اور جرمانے قابل قبول نہیں، چھوٹے دکاندار پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں متبادل کے بغیر کارروائیاں کاروبار کو مزید مشکلات سے دوچار کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ میں سنجیدہ ہے تو سستے اور معیاری متبادل کی فراہمی یقینی بنائے، راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں میں نرمی اور اسلام آباد میں سخت کارروائیوں سے تشویش ہے، وفاقی دارالحکومت کے تاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔
اجمل بلوچ اور خالد محمود چوہدری نے واضح کیا کہ ہراساں کرنے کے بجائے مشاورت، سہولت اور یکساں پالیسی اپنائی جائے، مسائل حل نہ ہوئے تو دکاندار شاپنگ بیگز کی فراہمی بند کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں جس سے کاروبار اور صارفین دونوں متاثر ہوں گے۔





























