راولپنڈی(کرائم رپورٹر)
یکم نومبر 2026
راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا کے علاقے گانگو چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے جاں بحق اکمل خان نامی شہری کاتھانہ ٹیکسلا میں پولیس عملے کے خلاف تشدد کرکے قتل کرنے کےسنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔
مقتول اکمل خان کے چھوٹے بھائی زاہد خان کی مدعیت میں دفعہ 302/34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔جس میں اے ایس آئی کاشف اور دو کانسٹیبلوں سہیل اور قدیر پر تشدد اور قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق بھائی اکمل خان گاڑی میں سی این جی بھروانے گیا، گانگو چیک پوسٹ پر پہنچا تو تھانہ ٹیکسلا کے اہلکاروں نے اسے روک لیا۔ اکمل نے فون پر درگاہی کے رہائشی فرخ امیر خان کو اطلاع دی کہ پولیس نے اسے روک رکھا ہے۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ فرخ امیر خان اور مختیار خان کے ساتھ وہ چیک پوسٹ پہنچا تو اکمل کو پولیس اہلکار کمرے کے اندر زد و کوب کر رہے تھے، وہ زمین پر گرا ہوا منت سماجت کر رہا تھا۔
مقدمہ کے متن کے مطابق تینوں افراد نے پولیس اہلکاروں کی منت سماجت کی لیکن انہوں نے نہ چھوڑا، اے ایس آئی کاشف نے کانسٹیبلوں سہیل اور قدیر کو مارنے کا کہا جس پر تینوں نے لاتوں اور مکوں سے مزید تشدد کیا۔
مدعی کے مطابق تشدد کے بعد تینوں اہلکاروں نے زخمی اکمل خان کو چھوڑا، وہ اسے گاڑی میں ڈال کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹیکسلا لے کر آئے تو ڈاکٹر نے موت کی تصدیق کر دی۔
مدعی نے موقف اختیار کیا کہ اے ایس آئی کاشف اور کانسٹیبلز نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے جان بوجھ کر بھائی کو ناحق قتل کیا، ان کے خلاف قانونی کارروائی اور انصاف فراہم کیا جائے، گاڑی کے کاغذات بھی پولیس نے لے لیے تھے جو واپس دلوائے جائیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی تاہم کسی پیٹی بھائی ملزم کوگرفتارنہیں کیاگیا۔





























