قومی اسمبل داخلہ کمیٹی اجلاس، حناجاویدقتل کیس میں پولیس تفتیش پرعدم اطمینان،نئی تحقیقات کافیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)
29 اکتوبر 2026

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں حنا جاوید قتل کیس پر اہم انکشافات سامنے آئے، پولیس تفتیش پر عدم اطمینان کے بعد اہلخانہ کے تحفظات دور کرنے کے لیے نئی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اجلاس میں بلیو پاسپورٹ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کمیٹی کو بتایا کہ مقتولہ کے اہلخانہ کے تحفظات موجود ہیں جنہیں دور کرنے کے لیے ایک اور کمیٹی سے تحقیقات کرائی جائیں گی۔

راولپنڈی میں حناجاوید کے قتل کیس پر اجلاس میں پولیس حکام، خصوصی تحقیقاتی ٹیم اور اہلخانہ نے مؤقف پیش کیا۔ رکن کمیٹی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ مقتولہ کو 20 اگست کو بے دردی سے قتل کیا گیا، گھر سے آلہ قتل غائب تھا اور سارا الزام ملازم پر ڈال دیا گیا، اہلخانہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی جائے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی نے بریفنگ میں بتایا کہ فرانزک شواہد کے مطابق مقتولہ کے جسم، کپڑوں اور بیڈ شیٹ سے ملازم ذیشان کے نشانات اور ڈی این اے میچ ہوا۔ آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپہ نے کہا کہ پہلے روز سے شفاف تحقیقات جاری ہیں۔ رکن کمیٹی رفیع اللہ نے تفتیش پر اعتراض کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔

ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے آن لائن بریفنگ میں بتایا کہ خصوصی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ، اہلخانہ کے تحفظات سنے اور اڈیالہ جیل میں ملزمان سے تفتیش کی، ملزم ذیشان نے بیانات متعدد بار بدلے۔ مقتولہ کی بہن نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام فرانزک رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں اور ابتداء میں واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کا بہترین افسر تحقیقات کرے گا تاکہ حقائق سامنے آئیں اور ذمہ داروں کو سزا ملے۔

اجلاس میں بلیو پاسپورٹ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کے تاحیات بلیو پاسپورٹ ختم نہیں کیے جا رہے، تاہم بڑی تعداد میں اجرا پر مختلف ممالک کے تحفظات ہیں جس سے پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ اور ویزا فری سہولتیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ کمیٹی نے کم کیے گئے 30 ہزار پاسپورٹس اور متعلقہ اداروں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین