اسلام آباد (ویب ڈیسک)
8 نومبر 2026
وفاقی پولیس کے مزید 535 ماتحت افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے جن میں ایس پیز، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئی عہدوں کے ماتحت افسران شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے چارج سنبھالنے کے بعد اب تک مجموعی طور پر 702 ماتحت افسران کو اگلے عہدے پر ترقیاں دی جا چکی ہیں۔
اس سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے افسران کو رینکس لگائے اور مبارکباد دی۔
تقریب میں ڈی جی سیف سٹی مستنصر فیروز، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ڈی آئی جی لا اینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر، ڈی آئی جی سیکیورٹی رانا عمر فاروق اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
بتایا گیا ہے کہ آئی جی کی جانب سے ترقیوں کے احکامات فورس کی پیشہ ورانہ ترقی اور حوصلہ افزائی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہیں۔
ترقی پانے والوں میں 10 سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، 33 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، 6 انسپکٹرز، 37 سب انسپکٹرز، 258 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 356 ہیڈ کانسٹیبلز اور 2 اپر ڈویژن کلرکس شامل ہیں۔
آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ محکمانہ ترقی افسران و اہلکاروں کا بنیادی حق ہے اور یہ انکی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور انہیں امید ہے کہ تمام ترقی پانے والے افسران و اہلکار مزید محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔































