ڈیرہ اسماعیل خان: دہشت گردوں نے ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ پر حملہ کر دیا، سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر سینٹر کو گھیرے میں لے لیا، دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے بتایا کہ پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تاہم پولیس کے دستے اور سیکیورٹی فورسز بھی موقع پر پہنچ گئیں اور جوابی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد واصل جہنم کردیے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے مین گیٹ سے خود کش گاڑی ٹکرائی جبکہ سینٹر میں داخل ہونے والے تینوں دہشت گرد مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ سینٹر میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ حملے کے وقت زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جن سے گھروں کی دیواریں لرز اٹھیں اور آوازیں دور دور تک سنی گئیں۔ دہشت گردوں نے جس سینٹر پر حملہ کیا وہ ڈیرہ اسماعیل خان سے دس کلومیٹر دور اور تھانہ صدر سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر پر ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ، ایس پی سی ٹی ڈی اور تمام سرکلر کے ایس ڈی پی اوز موقع پر پہنچ گئے، سیکیورٹی فورسز بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
