خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کی شدید مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی کا اعلامیہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
11 اکتوبر 2026

پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی شدید مذمت کر دی۔

ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ وفاقی حکومت کافیصلہ عوامی مینڈیٹ اورصوبائی خودمختاری پر حملہ ہے، وفاقی حکومت نے آئینی مذاکرات کے بجائے سیاسی تصادم کا راستہ اختیار کیاہے۔خیبرپختونخوا کے عوام کا جمہوری مینڈیٹ سیاسی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔

پی ٹی آئی کے جاری اعلامیہ میں مذیدکہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی صدر جنید اکبر کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں، انکی گرفتاری سیاسی انتقام اور منتخب قیادت کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔وزیراعلیٰ اور صوبائی صدر کی گرفتاریوں کی قانونی وجوہات اور الزامات عوام کے سامنے لائے جائیں، سہیل آفریدی، جنید اکبر اور تمام سیاسی قیدیوں کو فوری اور غیر مشروط رہا کیا جائے۔

پی ٹی آئی اعلامیہ کے مطابق غیرمعمولی آئینی اختیارات سیاسی انتقام یا جمہوری اداروں کو بائی پاس کرنے کے لئے استعمال نہیں ہو سکتے، وفاقی حکومت واضح کرے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کن قابل تصدیق شواہد کی بنیاد پر کیا گیا، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی مکمل آئینی اور قانونی وجوہات سامنے لائی جائیں۔

شیخ وقاص اکرم نے مذیدکہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام پہلے ہی دہشت گردی، بے گھری اور معاشی مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں، مشاورت کے بغیر غیر معمولی انتظامی اقدامات سے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کم ہو سکتا ہے، دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں، قومی سلامتی کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان اتحاد اور سیکیورٹی اداروں میں مؤثر رابطہ ضروری ہے، دہشت گردی کو سیاسی تصادم کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ملکی سلامتی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں انکے حقوق کا تحفظ کیا جائے، وفاق اور صوبے کے اختلافات آئینی طریقہ کار اور سیاسی مذاکرات سے حل کئے جائیں، پارلیمنٹ اور آئینی ادارے جمہوری حکومت، صوبائی خودمختاری اور آئین کی بالادستی کا تحفظ کریں، وفاقی حکومت ایمرجنسی اور گورنر راج کا فیصلہ فوری واپس لے،خیبرپختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی یقینی بنائی جائے۔

بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا گیا کہ عوام کے آئینی حقوق کی جدوجہد کو کوئی طاقت دبا نہیں سکتی، خیبرپختونخوا عوام کا صوبہ ہے کسی سیاسی اسٹیبلشمنٹ کا نہیں، پی ٹی آئی آئینی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لئے پُرامن اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزیداسی طرح کی
Related

حکومت پاکستان نے محمد یحییٰ اخونزادہ کی خیبر پختونخوا حکومت میں تعیناتی کر دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) 11 اکتوبر 2026 حکومت پاکستان نے محمد...

صدر مملکت کا خیبرپختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) 11اکتوبر 2026 صدر مملکت آصف علی زرداری...

راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے جلسے جلوس اور اجتماعات پر پابندی عائد

راولپنڈی (ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 راولپنڈی ضلع میں دفعہ 144...

خیبرپختونخوا پولیس کوہنگامہ آرائی اوراحتجاج سے نمٹنے کے لئے آپریشنل ہدایات جاری

پشاور(ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 صوبہ خیبر پختونخوا پولیس نے ہنگامہ...

تازہ ترین