اسلام آباد (ویب ڈیسک)
فیڈرل بورڈ آف ریونیو FBR نے کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کے افسران کو غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات کا ڈیکلریشن فوری جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی ہے۔
ڈیکلریشن نہ دینے یا غلط معلومات فراہمی پر سول سرونٹس رولز کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایف بی آر کی ہدایات
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے تمام چیف کلیکٹرز، ڈائریکٹر جنرلز آف کسٹمز فیلڈ فارمیشنز اور پاکستان کسٹمز سروس PCS کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ غیر ملکی شہریت اور غیر ملکی سفری دستاویزات سے متعلق ڈیکلریشن جمع کرانے کے حوالے سے ایف بی آر کی سابقہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق غیر ملکی شہریت اور پاسپورٹ سے متعلق ڈیکلریشن جمع کرانے کی 90 روزہ مدت 30 اگست کوختم ہو چکی تاہم متعدد افسران نے ابھی تک فارم جمع نہیں کرائے۔
نئی ہدایات
نئی ہدایات کے تحت کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سمیت تمام متعلقہ افسران و اہلکاروں کے لئے اپنی اور اہل خانہ کی غیر ملکی شہریت ظاہر کرنا ضروری ہے۔
پاسپورٹس اورغیر ملکی سے شادی کی صورت میں تفصیلات ظاہر کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے کہا کہ مخصوص فارم ای میل کے ذریعے متعلقہ سیکریٹریز کو فوری بھیجا جائے۔ ڈیکلریشن جمع نہ کرانے یا غلط معلومات دینے پر سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز کے تحت مس کنڈکٹ اور بدانتظامی کی کارروائی کی جائے گی۔
مراسلے کی تفصیل
ذرائع کاکہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے یکم ستمبر 2026 کو جاری کئےگئے یاددہانی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے یکم جون 2026 کے نوٹیفکیشن اور 4 جون 2026 کے آفس میمورنڈم کے بعد ایف بی آر نے 9 جون 2026 کو تمام افسران و اہلکاروں کو غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق مقررہ پروفارما جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
اس پروفارما کو جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقرر کی گئی تھی تاہم متعدد افسران نے تاحال مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہیں کرایا۔
مراسلے کے مطابق سول سرونٹس ڈسکلوژر اینڈ ریگولیشن آف فارن نیشنلٹی رولز 2026 کے رول 3(3) کے تحت ڈیکلریشن قواعد کے گزٹ میں اشاعت کے 90 دن کے اندر جمع کرانا لازم تھا، جس کی مدت 30 اگست 2026 کو ختم ہو چکی ہے۔
فوری عمل درآمد
ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ جن افسران نے تاحال مطلوبہ معلومات جمع نہیں کرائیں وہ مقررہ پروفارما مکمل کرکے متعلقہ مینجمنٹ ونگ کے سیکرٹریز کو دئیے گئے ای میل پتے پر دفتری اوقات کے اختتام تک لازمی طور پر ارسال کریں۔
مذکورہ قواعد کے تحت ہر سول سرونٹ کو اپنی اور اپنے زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات رکھنے اور غیر ملکی شہری سے شادی کی حیثیت سے متعلق ڈیکلریشن دینا ہوگا۔
قواعد کے مطابق تقرری کے وقت بھی سول سرونٹ کو یہ اعلان جمع کرانا لازم ہے کہ آیا وہ یا اس کا کوئی زیر کفالت فرد غیر ملکی شہری ہے یا غیر ملکی سفری دستاویز رکھتا ہے۔
قواعد میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کوئی سول سرونٹ یا اس کا زیر کفالت فرد متعلقہ مقررہ اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر کسی غیر ملکی ملک کی شہریت یا غیر ملکی سفری دستاویز حاصل کرنے کی کوشش یا درخواست نہیں دے سکتا۔
تاہم ان قواعد میں پیدائش یا نسب کی بنیاد پر کسی دوسرے ملک کے شہری یا قومی افراد کے لیے مقررہ استثنا بھی موجود ہے۔
ایف بی آر نے تمام چیف کلیکٹرز اور ڈائریکٹر جنرلز آف کسٹمز فیلڈ فارمیشنز سے کہا ہے کہ 9 جون 2026 کے سرکلر کے پیرا 3(ii) میں دی گئی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔































