اسلام آباد(کرائم رپورٹر) اسلام آباد پولیس میں محکمانہ احتساب کے تحت باپ بیٹے کو غیر قانونی حراست میں رکھنے پر سب انسپکٹر سمیت 3 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیاہے۔
ڈی آئی جی اسلام آبادپولیس علی وسیم نے برطرفی کے احکامات جاری کئے۔برطرف ہونے والوں میں سب انسپکٹر محمد عظیم، کانسٹیبل محمد بلال اور کانسٹیبل سعد امتیاز شامل ہیں۔
ڈی آئی جی کے مطابق شکایت پر محکمانہ انکوائری میں غیر قانونی حراست اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات ثابت ہوئے، تینوں کو ذاتی شنوائی کا موقع دینے کے بعد برطرف کیا گیا۔
علی وسیم نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال، بدعنوانی اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل برداشت نہیں کیا جائے گا، شہریوں کے حقوق اور قانون کی پاسداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔





























