راولپنڈی (ویب ڈیسک) کوٹلی ستیاں میں مری پولیس کے مبینہ پولیس مقابلے میں سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک ملزم نزاکت محمود عرف بھورا مارا گیا۔
پولیس کے مطابق چھاپہ کے دوران بدنام زمانہ ملزم نزاکت محمود عرف بھورا اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ ملزم منشیات فروشی، ڈکیتی اور قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث اور پولیس کومطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گزشتہ ہفتے ایس ایچ او کوٹلی ستیاں اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی، جس کا تھانہ کوٹلی ستیاں میں مقدمہ نمبر 159/26 دفعہ 7-ATA سمیت متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
بتایاگیاہے کہ پولیس پارٹی کے پہنچنے پر ملزم اور اس کے ساتھیوں نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہو گیاجبکہ تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ہسپتال منتقل کردی ہے۔





























