اسلام آباد (ویب ڈیسک )
05اکتوبر۔2026
کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے ستمبر میں 1475 ہنگامی صورتحال پر بروقت رسپانس دیا، 21 نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیاں جلد بیڑے میں شامل ہوں گی۔سی ڈی اے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی نگرانی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروس (سی ای ایس) نے ستمبر 2026 کے دوران مجموعی طور پر 1475 ہنگامی کالز پر بروقت رسپانس دیا۔
ماہانہ رپورٹ کے مطابق ستمبر میں 1152 میڈیکل ایمرجنسی کالز پر رسپانس دیا گیا، جن میں 544 طبی ہنگامی صورتحال، 433 ٹریفک حادثات، 120 متفرق کیسز، 46 گرنے کے واقعات، 6 جرائم اور 3 ڈوبنے کے واقعات شامل ہیں۔
اس دوران 82 آتشزدگی کے واقعات پر کارروائی کی گئی، جن میں 29 بجلی سے لگنے والی آگ، 10 گھروں میں آتشزدگی، 6 گاڑیوں میں آگ، 17 عمارتوں و کمرشل علاقوں میں آتشزدگی اور 7 گرین ایریاز میں آگ کے واقعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 123 ریسکیو آپریشنز کئے گئے۔جن میں 44 واٹر ڈرینیج، 65 جانوروں کے ریسکیو اور 11 پہاڑی و کنوؤں سے متعلق آپریشنز شامل ہیں۔
سی ڈی اے رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 1013 متاثرین میں 979 زخمی و بیمار اور 34 اموات شامل ہیں، جبکہ 148 افراد کو موقع پر طبی امداد دی گئی اور 865 کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ 100 ایمرجنسی ایونٹ کور اور 18 موٹرکیڈ ڈیوٹیز بھی انجام دی گئیں۔
سی ڈی اے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے ایمرجنسی رسپانس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 21 نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں جو جلد اسلام آباد پہنچ کر سروس کا حصہ بنیں گی۔ نئے بیڑے میں 4 ایریل فائر ٹرکس، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینڈرز شامل ہیں جو 256 فٹ بلندی تک آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے 29 ستمبر کو چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کے ہمراہ کراچی پورٹ کا دورہ کر کے گاڑیوں کا معائنہ کیا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اسے 2009 کے بعد سب سے بڑی توسیع قرار دیتے ہوئے حکومت چین کا شکریہ ادا کیا۔
یہ گاڑیاں اسلام آباد کے 6 ایمرجنسی اسٹیشنز کے ذریعے 24 گھنٹے دستیاب ہوں گی اور یہ توسیع 17 سال کے وقفے کے بعد عمل میں آئی ہے۔





























